بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، آرمی چیف

172

راولپنڈی(آن لائن ) پاک فوج کے سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی بالخصوص اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے اقدام علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں، بھارتی فوج کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، مادر وطن کی عزت اور وقار سمیت جغرافیائی سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کنٹرول لائن کادورہ کیا، آرمی چیف نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی، اس موقع پر آ رمی چیف کو ایل او سی پر جاری بھارتی اشتعال انگیزی پر بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ایل او سی پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔دوسری جانب بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ایل او سی کے قریب تتہ پانی اور جنڈروٹ سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 50 سالہ خاتون شہید جبکہ 4سالہ بچی سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے مارٹرز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔