لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ باقرانی تھانہ کی حدود میں پولیس نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی ،ڈاکوئوں کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک پولیس کا جوان شہید ہوگیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے قریب باقرانی تھانہ کی حدود میں سرہیہ لاڑو کے قریب ڈاکوئوں کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس کا ایک جوان رفیق بروہی فرائض نبھاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ اطلاع پر ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش اور ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک جائے وقوعہ پر پہنچے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ کا کہنا تھا کہ شاہراہوں کو محفوظ بنانے والے پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پولیس کے طرف سے مسلح ملزمان کا تعاقب جاری ضلع بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے جلد ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا تاہم لاڑکانہ پولیس شہید رفیق بروہی کو سلام پیش کرتی ہے۔دوسری جانب کندھکوٹ کے قریب دھان سے بھری ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر تحصیل کندھکوٹ کے گاؤں قاسم خان کھوسو کا رہائشی 18 سالا محنت کش نوجوان دلدار ملک شدید زخمی ہوا جسے دیگر محنت کشوں نے فوری طور پر چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان محنت کش دم توڑگیا جبکہ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔اس موقع پر ورثا کا کہنا تھا کہ دلدار ٹریکٹر پر مزدوری کرتا تھا جو ٹھل سے کندھکوٹ دھان سے بھری ٹریکٹر سے گر کر زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔