سکھر، ریلوے عملے کا کوارٹرز خالی کرانے کے لیے آپریشن

328

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں ریلوے کے عملے کا کوارٹرز خالی کرانے کے لیے آپریشن، علاقہ مکین ریلوے عملے پر پل پڑے، لاتوں، گھونسوں اور مکوں کی بارش، ریلوے پولیس نے مداخلت کرکے جھگڑا ختم کرایا، ریلوے عملہ کوارٹرز خالی کرائے بغیر واپس لوٹ گیا، سکھرکے علاقے گرم گودی میں ریلوے کے عملے نے پولیس کی مدد سے ریلوے کے کوارٹرز خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کیا اور لوگوں کا سامان کوارٹروں سے نکالنے کی کوشش کی تو ایک مکین کو اچانک دل کا دورہ پڑ گیا، جس کی حالت غیر ہوتے دیکھ کر علاقہ مکین ریلوے عملے پر پل پڑے اور ریلوے کے عملے کی لاتوں، گھونسوں اور مکوں سے تواضع کر ڈالی، جس کے باعث علاقہ میدان جنگ بن گیا، تاہم ریلوے پولیس نے درمیان میں پڑ کر عملے کو مزید مار پڑنے سے بچالیا اور ریلوے عملے کو کوارٹر خالی کرائے بغیر واپس جانا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریلوے کے عملے نے پولیس کی مدد سے ریلوے کے کوارٹرز خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کیا اور لوگوں کا سامان کوارٹروں سے نکالنے کی کوشش کی تو ایک مکین کو اچانک دل کا دورہ پڑ گیا، جس کی حالت غیر ہوتے دیکھ کر علاقہ مکین ریلوے عملے کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے۔ آپریشن کے دوران علاقہ مکین اور ریلوے عملے کے درمیان کشیدگی کے باعث علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ ریلوے پولیس نے درمیان میں پڑ کر مزید کشیدگی سے بچالیا۔