اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی مخالفت کی جارہی ہے۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سی پیک کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور امریکا وغیرہ کی جانب سے اس کی مخالفت کی جا رہی ہے لیکن کوئی بھی مخالفت کرے سی پیک آگے بڑھے گا۔ وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ امریکا پہلے سوویت یونین کو اپنا دشمن سمجھتا تھا اور اب چین کو سمجھتا ہے‘ سی پیک کو ان ممالک کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے جن کے مفادات کو اس منصوبے سے خدشات درپیش ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک فائیو آئیز انٹیلی جنس گیدرنگ گروپ بنا ہے جس میں یورپی یونین، بھارت، امریکا، جاپان، آسٹریلیا شامل ہیں‘ اس گروپ پر پاکستان کو خدشات ہیں اور ہمیں اس کا جواب دینا پڑے گا۔ شیریں مزاری نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی توقعات پر پورا اتر رہی ہے‘ لاپتا افراد کا معاملہ حل کرنے میں وقت لگے گا لیکن اس حوالے سے ہمارا بِل تیار ہے‘ وزیراعظم نے خاص کمیٹی بنائی ہے تاکہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے۔