دادو، چانڈیو اور سولنگی برادری سے اختلافات ختم کر نے کا مطالبہ

339

دادو (نمائندہ جسارت) دادو میں چانڈیو اور سولنگی برادری کے دو گروہوں میں صلح کرانے کے لیے سیاسی، سماجی رہنماؤں کی جانب سے قافلہ پہنچ گیا۔ رہنمائوں نے دونوں برادریوں سے اختلافات ختم کرنے کی اپیل کی۔ گزشتہسال شہر کے محمد شاہ محلے میں چانڈیو اور سولنگی برادری کے درمیان معمولی بات پر تنازع میں فریقین کی چار جانیں ضائع ہوئیں تاہم معاملے کو ایک سال کا عرصہ بیت گیا دونوں فریقین کے اختلافات ختم نہ ہونے پر دونوں فریقین کے درمیان تصفیے کے لیے سیاسی، سماجی اور شہریوں کی جانب سے سہیل احمد ڈاوچ کی قیادت میں قافلہ روانہ ہوا، جس میں رئیس بابن خان پنہور، عبدالنبی زئور، عاشق حسین زئور، سراج شاہانی، لیاقت کھوسو سمیت دیگر شریک ہوئے۔ فریقین کی رہائش گاہوں پر چانڈیو برادری کے معززین بہادر چانڈیو، اکبر چانڈیو، سولنگی برادری کے معززین وارث سولنگی، سرور سولنگی سے ملاقات کرکے بات چیت کی اور اختلافات ختم کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر رہنمائوں نے کہا کہ سندھ ایک امن پسند صوبہ ہے، یہاں جتنے بھی لوگ رہتے ہیں سب آپس میں بھائی ہیں، ہم سب مسلمان ہیں، سارے اختلاف ختم کرکے امن سلامتی، ایک ہونے کا ثبوت دیں جس کے بعد فریقین صلح کے لیے راضی ہوئے۔ جلد چانڈیو اور سولنگی برادری کے دو گروہوں میں تصفیے کے لیے جرگہ کیا جائے گا۔