سکھر بیراج کے 6 دروازے تبدیل کرنے کا فیصلہ

222

سکھر (نمائندہ جسارت) ایشیا کے سب سے بڑے نہری نظام سکھر بیراج کی بحالی کا کام شروع کیا جا رہا ہے ، سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کی جانب سے سکھر بیراج کی بحالی کے کام کے آغاز کے پہلے مرحلے میں بیراج کے خراب 6 گیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ، گیٹس کی تبدیلی کے لیے بیراج کو 24 دسمبر سے 30 جنوری تک بند رکھنے کا اعلان، ٹریفک کو روکنے کیلیے پولیس و رینجرز کی مدد حاصل کرلی گئی، بیراج کی نہریں بھی سالانہ مرمتی کام کے لیے 6 جنوری سے پندرہ دن کیلیے بند کرنے کا اعلان۔ سندھ حکومت کی جانب سے ورلڈ بینک کے تعاون سے ایشیا کے سب سے بڑے نہری نظام سکھر بیراج کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا گیاہے جومختلف مراحل میں کیا جائیگااور پہلے مرحلے میں سکھر بیراج کے 6 گیٹ جن میں گیٹ نمبر 33 سے 39 تک شامل ہیں تبدیل کیے جائیں گے جبکہ دیگر گیٹس کی بھی مرمت کی جائے گی۔ گیٹوں کی تبدیلی اور مرمت کے کام کی وجہ سے سکھر بیراج کو 24 دسمبر سے 30 جنوری 2021ء تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے اوراس سلسلے میں ٹریفک کو روکنے کیلیے پولیس و رینجرز کی مدد حاصل کرنے کیلیے ایکسیئن سکھر بیراج نے کمانڈنٹ شہباز رینجرز اور ایس ایس پی سکھر کو لیٹر لکھ دیاہے جس کی کاپی میڈیا نے حاصل کرلی ہے جبکہ دوسری جانب سکھر بیراج کے چیف انجینئر ارشاد احمد میمن نے 6 جنوری سے 20 جنوری تک سکھر بیراج اور اس سے نکلنے والی ساتوں نہروں کی سالانہ بھل صفائی کا بھی اعلان کردیا ہے۔ بھل صفائی کے دوران بیراج کے تمام گیٹس کھول دیے جائیں گے اور نہروں میں پانی کی فراہمی بند کردی جائے گی۔