کراچی (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کی جانب سے لاڑکانہ میں جلسہ کرنے کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کروادی۔ درخواست پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی خرم شیرزمان، شہزاد قریشی، بلال غفار اور راجا اظہر نے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو جمع کروائی۔ قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا کہ سندھ میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں جلسہ روکا
جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔سندھ میں کورونا متاثرین کی شرح ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ایک طرف کورونا بڑھ رہا ہے، دکانیں بند کرائی جارہی ہیں تو دوسری طرف جلسے کئے جارہے ہیں۔ جو نالائق اعلیٰ ہاتھ جوڑکر لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہتے تھے وہ آج بھاگ گئے ہیں،وہی صاحب واپس آکر ہاتھ جوڑ کر کہیں گے کہ لاڑکانہ چلو۔پیپلز پارٹی کے رہنما راشد ربانی، مرتضیٰ بلوچ، جام مدد علی کاانتقال بھی کورونا کے باعث ہوا۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے قول و فعل میں تضاد ہے۔محترمہ شہید کے بعد اس جماعت کا رخ ملک دشمنی کی طرف ہے۔شہیدبے نظیر کی سوچ پر زرداری گروپ نے قبضہ کرلیا ہے