دبئی‘ابوظبی(آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ابو ظبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا، نماز جمعہ بھی ادا کی ۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی اور ابوظبی میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور امتیاز احمد گوندل بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ۔وزیر خارجہ نے مسجد سے جڑے مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے مزار پر حاضری دی۔انہوں نے مرحوم رہنما کی دنیا کی مختلف قوموں کے درمیان رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے پیغام کا تذکرہ کیا ، انہوں نے گرینڈ مسجد کے مختلف حصے دیکھے۔ شیخ زاید جامع مسجد کے ڈائریکٹر
جنرل ڈاکٹر یوسف العبیدی نے وزیر خارجہ کو مسجد کی تاریخ اور اسکی تعمیر میں استعمال ہونے والے اجزاء اور فن تعمیر کے حوالے سے آگاہ کیا،وزیر خارجہ نے اس عظیم مسجد کی طرز تعمیر اور فنی محاسن کو سراہا،وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ ابوظبی کی گرینڈ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی میں قائم پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا ،قونصل خانے پہنچنے پر دبئی میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی اور قونصل خانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا ۔قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی نے قونصل خانے کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں موجود پاکستانی برادری کی مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا پاکستان اور یو اے ای نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی میکانزم تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔