لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ویب سرچ انجن گوگل، وکی پیڈیا پر دی گئی گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی معلومات ،جس میں ’’اسلام کے موجودہ خلیفہ (نعوذ باللہ من ذٰلک) قادیانیوں کے موجودہ سربراہ مرزا مسرور کو ظاہر کیا گیا ہے ،کے خلاف مذمتی قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع
کرا دی ہے۔قرارداد میں حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ویب سرچ انجن گوگل، وکی پیڈیا پر دی گئی گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی معلومات جن میں کہا گیا ہے کہ ’’اسلام کے موجودہ خلیفہ (نعوذ باللہ من ذٰلک) قادیانیوں کے موجودہ سربراہ مرزا مسرور ہیں‘‘۔ قرارداد میں سینیٹ کی طرف سے سرچ انجن گوگل اور وِکی پیڈیا کی طرف سے فراہم کردہ گمراہ کن اور قادیانیت کو پروموٹ کرنے کے لیے دی گئی معلومات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ گمراہ کن معلومات کو فوری طور پر سرچ انجن گوگل، وکی پیڈیا وغیرہ سے ہٹایا جائے۔قرارداد میںمزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے اسلامیانِ پاکستان اور مسلمانانِ عالم گوگل اور وِکی پیڈیا کی اس گمراہ کن معلومات اور جھوٹ پر مبنی قادیانیت نوازی کے خلاف پوری دنیا میں سراپا احتجاج ہیں۔ قرارداد میں موجودہ حکومت کی طرف سے مسلمانوں کے بنیادی عقائد سے متعلق اس قدر حساس معاملے پر مکمل طور پر خاموش تماشائی بننے اور دانستہ لاتعلقی کے مظاہرے پر انتہائی افسوس اور حیرت کااظہار کرتے ہوئے مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں سینیٹ آف پاکستان کی طرف سے اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے عالمی سرچ انجنز، سوشل نیٹ ورکس کو پاکستان میں آپریٹ کرنے کے لیے آئین و قانون سے ماورا ایسی آزادی ہے کہ انہیں اسلامی اقدار، نظریہ پاکستان اور معاشرتی روایات کی پاسداری کے بجائے اسلام مخالف مواد فراہم کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔قرارداد کے آخری پیراگراف میں سینیٹ آف پاکستان کی طرف سے اسلاموفوبیا کے تسلسل اور مسلمانانِ عالم کو گمراہ کرنے کی مذموم سازشوں پر مبنی مذکورہ واقعات کی جانب وفاقی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گوگل، وکی پیڈیا اور دیگر ذرائع پر موجود اسلام مخالف اور اسلام دشمن مواد کو فی الفور ختم کرانے کے لیے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کرے۔قرارداد میں دین اسلام، عقیدہ ختم نبوتؐ، نظریہ پاکستان اور معاشرتی روایات کے خلاف کی جانے والی سازشوں اور پروپیگنڈے کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔