حکمرانوں کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت نے کراچی کو تباہ و برباد کر دیا، سراج الحق

513

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے کراچی کو تباہ و برباد کردیا،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں جماعتیں اقتدار میں رہیں، لیکن مسائل حل کرنے کے بجائے مزید بڑھائے گئے، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے بھی ڈھائی سال میں کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے عملاً کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے اور حقوق کراچی کی حالیہ تحریک میں بھی بنیادی مسائل کو اٹھایا ہے، عوام کی ترجمانی کی ہے اور جماعت اسلامی کی جانب عوام کا رجوع بڑھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی و گلبرگ کے دفاتر میں اضلاع کے ذمہ داران کے تنظیمی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

 سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی اور انقلابی جماعت ہے، اقامت دین کی جدوجہد اور عوامی خدمت کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ہمارا مقصد ہے، نوجوان ہماری تحریک کا اہم حصہ اور ہر اول دستہ ہیں، نوجوانوں کے اندر بڑا تحرک اور انقلابیت موجود ہے، ان کے ساتھ مل کر ایک بڑی اور حقیقی تبدیلی ممکن بنائی جاسکتی ہے اور موجودہ حکومت جو ایک وبا بن چکی ہے، اس سے بھی نمٹا جاسکتا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے اندر دعوتی و تحریکی اور سیاسی میدان میں بڑے مواقع موجود ہیں،ہمیں عوام سے اپنے رابطوں کو مزید بڑھانا اور مساجد کو اپنا مرکز بنانا چاہیے،علماء کرام اور امام وخطباء کرام سے تعلق کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہوگا یہ طبقہ بھی معاشرے میں تبدیلی کا ایک موثر اور اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت نے بلاشبہ کراچی سمیت ملک بھر میں کرونا وبا کے دوران خطرات کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی مدد کی ہے اور حکومتی مشینری اور اختیارات نہ ہونے کے باوجود مثالی خدمات انجام دی ہیں،جماعت اسلامی عوامی خدمت اور دعوت دین کی جدوجہد جاری رکھے گی،اسلامی نظام اور سود سے پاک معیشت سے ہی ملک اور قوم تمام مسائل اور بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

 

اجتماعات میں ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی اور سیکریٹری ڈاکٹر فواد احمد، ضلع گلبرگ کے امیر فارو ق نعمت اللہ، قیم کامران سراج نے اپنے ضلع میں جماعت اسلامی کی دعوتی و تنظیمی عوامی خدمات اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی رپورٹ، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور آئندہ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔ اجتماع میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،نائب قیم محمد اصغر،امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، سکریٹری کراچی عبد الوہاب،نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، راجہ عارف سلطان، سلیم اظہر،تنظیم ضلع و علاقہ، جے آئی یوتھ، پبلک ایڈ کمیٹی اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔