لاڑکانہ ،مرحوم صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے تقریب کا انعقاد

209

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پریس اینڈ پبلسٹی کی جانب سے اپنی صحافتی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے بچھڑنے والے صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آرٹس کونسل لاڑکانہ میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں بچھڑنے والے صحافیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق پریس اینڈ پبلسٹی کی جانب سے آرٹس کونسل لاڑکانہ میں منعقدہ تقریب میں لاڑکانہ پریس کلب کے صدر ظفر ابڑو، نائب صدر عاشق پٹھان، جنرل سیکرٹری مرتضی کلہوڑو، جوائنٹ سیکرٹری محمد حنیف سہاگ شریک، سینئر صحافی منور رند، آرٹس کونسل لاڑکانہ کے صدر محمد اسماعیل جتوئی، پروفیسر سکندرعباسی، عبدالنبی ساریو، فوٹو جرنلسٹس و کیمرا مین، بچھڑے ہوئے صحافیوں کے اہل خانہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کرکے بچھڑے ہوئے دوستوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ تقریب کے دوران بچھڑنے والے صحافیوں کے اہل خانہ کو تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاڑکانہ پریس کلب کے صدر ظفر ابڑو، نائب صدر پریس کلب عاشق پٹھان، جنرل سیکرٹری پریس کلب مرتضیٰ کلہوڑو، صدر آرٹس کونسل لاڑکانہ اسماعیل جتوئی سمیت دیگر نے کہا کہ تقریب کا انعقاد حنیف سہاگ سمیت دیگر آرگنائزر کا یہ قدم قابلِ تعریف اور خوش آئند ہے، لاڑکانہ میں ابتک” کے صحافی شان ڈھر اور منیر سانگی ظالم وڈیروں سے ٹکراتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنے مگر اپنی ذمے داریوں سے منہ نہیں موڑا، 24 گھنٹے کام کرنے والے ہمارے دوست صحافی کسی کے غلام نہیں، جبکہ قلم کے ذریعے مشکل حالات میں ظالموں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنا کوئی آسان کام نہیں، ہمارے صحافی دوست اپنی صحافتی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے اور عوام کی آواز بلند کرتے ہوئے ہم سے بچھڑ گئے، اس لیے ہم مشکل ترین حالات میں اپنی ذمے داریاں نبھا کر بچھڑنے والے صحافی دوستوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔اس سے قبل آرگنائزر حنیف سہاگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت کرنے کے لیے لاڑکانہ پریس کلب، لاڑکانہ یونین آف جرنلسٹس و آرٹس کونسل لاڑکانہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، صحافتی ذمے داریاں نبھانا کوئی آسان کام نہیں اور یہ ذمے داریاں نبھاتے ہوئے بچھڑنے والے صحافی آج ہم میں موجود نہیں مگر وہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، جنہیں سلام پیش کرتے ہیں۔