جمہوریت کے لیے سندھ حکومت کی قربانی دینے کو تیار ہیں، بلاول

292

لاہور(نمائندہ جسارت)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ یہ واضح ہے کہ اگر ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی ، عمران خان او ران کے سہولت کاروں کو نکالنے کے لیے سندھ حکومت اور قومی اسمبلی کی نشستوں سے قربانی دینا پڑی تو دریغ نہیں کریںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ثمینہ خالد کی رہائشگاہ پر مینار پاکستان جلسے کی کامیابی کے لیے کردار ادا کرنے والے پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔بلاول نے کہا کہ اس وقت پی ڈی ایم موجودہ حالات میںکسی سے بات چیت کے لیے تیار نہیں البتہ عمران خان مستعفی ہو جائیں تو اس کا راستہ نکل سکتا ہے اور جمہوری قوتیں آپس میں بات چیت کر کے طریقے کا راو ر حل نکال سکتی ہیں، موجودہ بحرانوں کا واحد حل یہ ہے کہ عمران خان 31جنوری تک خود بخود مستعفی ہو جائے وگرنہ پھر دما دم مست قلندر ہوگا اور اس کا اپوزیشن کو فائدہ اور حکومت کو نقصان ہی نقصان ہوگا ، تاریخ میں ایسا ہو اہے کہ تیسری قوتوں نے حالات سے فائدہ اٹھایا لیکن پیپلز پارٹی اس حساسیت کا احساس رکھتی ہے ، مستعفی ہونے اور لانگ مارچ کے لیے ایسی حکمت عملی اپنائیں گے جس سے ملک کو ایسی کسی مشکل صورتحال میں نہ ڈالا جائے اور پھر کہیں ہمیں12یا 20سال جدوجہد کرنا پڑے۔