محمود اچکزئی پر مقدمے کی درخواست پر پولیس رپورٹ ، تاریخ بیان کی ، اچکزئی

419

 

اسلام آباد/ کوئٹہ (آن لائن) لاہور کے شہریوں کے خلاف متنازع بیان دینے پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سیشن کورٹ نے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ سیشن کورٹ نے درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے تھانہ لاری اڈا کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں محمود خان اچکزئی نے اہل لاہور کے خلاف منافرت اور انتشار پر مبنی تقریر کی ۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ محمود خان اچکزئی کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ سیشن کورٹ نے درخواست پر مزید سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔
دریں اثنا پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے گزشتہ روز آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مینار پاکستان پر تاریخ بیان کی ہے‘ ہمیں اپنی افواج سے کوئی دشمنی نہیں‘ آئین ایک سماجی معاہدہ ہے جس کے تحت پشتون، بلوچ، سندھی، سرائیکی اور پنجابی اقوام اکھٹی ہیں‘ اگر آئین کو نہیں مانا جائے گا تو پاکستان کی بنیادیں ہل جائیںگی‘ کسی بھی انسان سے اپنے فاصلے اس بنیاد پر ناپنا کہ اس کی زبان، مذہب اور دین کیا ہے؟ یہ ہمارے لیے گناہ کبیرہ ہے‘تاریخ نے پشتونوں کو 2 ملکوں میں تقسیم کیا ہے‘ انہوں نے فواد چودھری کا نام لیے بغیر کہا کہ میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ مت چھیڑ ملنگانو۔