ایف آئی آر جلسے کی کامیابی کا تحریری ثبوت ہے، مریم اورنگزیب

137

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مینار پاکستان جلسے پر ایف آئی آر کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی حکومت کی جھوٹی ایف آئی آر مینار پاکستان کے تاریخی جلسے کی کامیابی کا تحریری ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا جلسہ چھوٹا دکھانے کی ترجمانی سے ہلکان وزیراعظم اور کرائے کے ترجمانوں کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے، جلسہ چھوٹا دکھانے کے پروپیگنڈے میں بدترین ناکامی لاچاری پر اب یہ جھوٹا پرچہ درج کیا گیا، عمران صاحب پارلیمنٹ کے جنگلے توڑنے پر تو آپ کیخلاف پرچہ درج ہونا چاہیے، عمران صاحب پرچے کاٹ کر آپ نے اپنی فسطائی، آمرانہ اور غیر جمہوری سوچ کو مزید بے نقاب کیا ہے۔ جھوٹی ایف آئی آرز کے پیچھے چھپنے سے آپ کا جعلی مینڈیٹ بچ نہیں سکتا، عوام آپ کو این آر او نہیں دیں گے۔