لاہور (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے درمیان آج بروز منگل ملاقات کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو باقاعدہ ایک خط لکھ دیا ہے۔ جس میں درخواست کی گئی ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری جیل میں شہباز شریف سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ جس کا مقصد شہباز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کرنا ہے۔ لہٰذا بلاول زرداری کو کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف سے ملاقات کرنے کی اجازت دی جائے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل نے قمرالزمان کائرہ کی جانب سے بھیجے گئے خط کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب سے اجازت طلب کرلی ہے۔