لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) میہڑ شہر کے رہائشی نوجوان نومی کھوکھر نے اپنے نومولود بچے کو لاڑکانہ شیخ زید چلڈرین اسپتال میں داخل کیا جہاں دوران علاج بچہ دم توڑگیا جس پر ورثاء نے ڈاکٹروں پر غفلت برتنے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس موقع پر نومولود بچے کے والد نومی کھوکھر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنے نومولود بچے کو شیخ زید چلڈرین اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں اور عملے کی جانب سے علاج فراہم نہ کرنے پر میرا بیٹا دم توڑ گیا جبکہ اسی دوران ڈاکٹر اور عملہ موبائل فونز استعمال کرنے میں مصروف تھے، جن کی جانب سے توجہ نہ دینے کے باعث میرا بیٹا دم توڑ گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملوث ڈاکٹروں اور عملے کیخلاف کارروائی کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ منشیات مقدمے میں لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قید کاٹنے والے باڈہ کا رہائشی 60 سالہ قیدی محبوب علی بروہی کی طبیعت اچانک بگڑنے پر چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ سینٹرل جیل پولیس کا کہنا ہے کہ محبوب بروہی ہیروئن کا عادی تھا، جسے ڈیڑھ ماہ قبل باڈہ پولیس نے منشیات مقدمے میں گرفتار کیا جو لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قید تھا، آج بیماری کے باعث وہ دم توڑ گیا۔ لاڑکانہ شہر کے رحمت پور تھانے کی حد رائس کینال چانڈکا پل روڈ کی رہائشی دو طالبات مومل بھٹو اور اقصیٰ بھٹو کی فحش تصاویر اور ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان حمیر شیخ، اسلم میرانی اور بابر میرانی کو رحمت پور تھانے کی پولیس کی جانب سے فورتھ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزمان کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے جس پر پولیس نے ملزمان کو تھانے منتقل کردیا۔ تھانہ اللہ آباد کی حد اللہ آباد محلہ میں محنت کش نوجوان کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان فرمان ابڑو اور جاوید کھوکھر کو پولیس نے ففتھ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزمان کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کو تھانے منتقل کردیا۔