لاہور:امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے سامنے اڑھائی سالوں میں مکمل ایکسپوز ہوگئی، وزیراعظم جھوٹے وعدوں پر کب تک لوگوں کو تسلیاں دینگے،حکومت نے اپنے آپ کو بندگلی میں بندکردیا ہے،وزراء کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پنجاب بار کونسل کے نومنتخب اراکین کے اعزاز میں منصورہ میں منعقدہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نےکہا کہ ملک ایک گھمبیر سیاسی کرائسز کی جانب بڑھ رہا ہے،پھر کہتا ہوں کہ شفاف الیکشن کے لیے سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہوگا،عوام الیکشن کے نام پر جعلسازی سے تنگ آ چکے۔
امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ نام نہاد سیاسی اشرافیہ نے گزشتہ سات دہائیوں میں اپنی جیبوں کو بھرا اور عوام کا خون نچوڑا،وکلا نے جمہوریت کے لیے بڑا کردار ادا کیا،اسلامی قوانین کے نفاذ سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہے۔
سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن اتحاد عوام کو بے وقوف بنانے کی سیاست ترک کردیں،لوگ جانتے ہیں کہ دونوں اطراف نے حکمرانی کے مزے لوٹے اور ملک کو غربت اور قرضوں کی دلدل میں دھکیلا،کم از کم اب سیاسی جماعتیں سنجیدہ رویہ اختیار کریں اور الیکشن ریفارمز کے لیے بات چیت کا آغاز کریں۔
انہوں نےکہا کہ کیوں کہ عوام مزید کھوکھلے سیاسی نعروں اور جمہوریت کے دعوؤں کو سننے کے لیے تیار نہیں،سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے عوام کو جھوٹے وعدوں اور طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیا نہ ہی انصاف کے نظام کو بہتر کیا گیا اور نہ ہی احتساب کو موثر بنایا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ اور تبدیلی کے نعروں پر عوام کو دھوکا دیا،اب حکومت نے اپنے آپ کو بندگلی میں بند کردیا ہے،وزراء کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں اورملک ایک گھمبیر سیاسی کرائسز کی جانب بڑھ رہا ہے ۔
امیر جماعت اسلامی نےاپوزیشن اراکین کی پکڑدھکڑ اور ان کے خلاف مقدمات کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم کو ان کا وعدہ یاد دلایا کہ اگر اپوزیشن احتجاج کریں گی تو انھیں کنٹینر مہیا کروں گا،احتجاج اپوزیشن جماعتوں کا آئینی حق ہے،وزیراعظم کہا کرتے تھے کہ وہ خودکشی کر لیں گے، لیکن کسی کے سامنے کشکول لے کر نہیں جائیں گے،مگر اقتدار پر براجمان ہونے کے فوراً بعد انھوں نے یورپ، امریکہ، ایشیا سمیت کوئی براعظم نہیں چھوڑا اور پیرس کلب، آئی ایم ایف، ورلڈ بنک سمیت کوئی ادارہ نہیں چھوڑا جہاں وہ جھولی پھیلا کر نہ پہنچے ہوں۔
انہوں نےکہا کہ پی ٹی آئی کی کنفیوژ پالیسیوں نے رہی سہی معیشت کا بھی بیڑہ غرق کر دیا، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں اور لاکھوں لوگ سڑکوں پر آ گئے ہیں، انھوں نے وکلا کی ملک میں جمہوریت اور انصاف کے نظام کی مضبوطی کے لیے جدوجہد کو سراہا اور ان سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
انھوں نے کہا کہ اگر عوام کو عدالتوں میں انصاف نہیں ملے گا، تووہ مایوس ہوں گے اور ملک میں انارکی پھیلے گی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ لوگ ایماندار اور صالح قیادت منتخب کریں اور جماعت اسلامی کی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔