بھارتی آرمی چیف سعودی عرب اور امارات کے تاریخی دورے پر روانہ

365

بھارتی آرمی چیف منوج مِکونڈ ناراوا متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے چھ روزہ “تاریخی” دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ فوج کے سربراہ کی جانب سے دو خلیجی ممالک کا بھارتی تاریخ میں یہ پہلا دورہ ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ناراوانے کے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے ساتھ “اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا” ہے۔

ہندوستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی معاشی تعلقات رہے ہیں۔ بھارت سعودی عرب سے اپنی پٹرولیم مصنوعات کا ایک خاص حصہ درآمد کرتا ہے۔

چین ، امریکہ اور جاپان کے بعد سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی شریک ہے۔ بھارت اپنے خام تیل کی ضرورت کا تقریبا 18 فیصد سعودی عرب سے درآمد کرتا ہے۔

تاہم گذشتہ چند سالوں سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے سعودی عرب اور خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ سلامتی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر توجہ دے رکھی ہے۔