لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری تبدیلی حکومت کے ٹریڈ مارکس بن چکے، کشمیر پر پسپائی سے لے کر معیشت کی بربادی تک حکمرانوں نے ناقص کارکردگی کی ہر مثال قائم کی، وزیراعظم بلندوبانگ دعوے کریں یا دھمکیاں دیں،عوام ان کی کارکردگی کو جان چکے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو قرطبہ سٹی پراجیکٹ چکری اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے ہونے والی تقریب معاہدہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانے کے لیے حاصل کیا گیا مگر گزشتہ 73 سالوں میں نام نہاد جمہوری اور مارشل لاز کے ادوار میں اسلامی پاکستان کے لیے کسی نے کوشش نہیں کی۔ جماعت اسلامی نے ظالم اشرافیہ کے خلاف جدوجہد کا آغاز کردیا۔ 25 دسمبر کو گوجرانوالہ میں بھرپور جلسہ کریں گے۔
سینیٹر سراج الحق نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اڑھائی سالوں کی بدترین کارکردگی کے باوجود وزیراعظم بلند و بانگ دعوے کرنے کی کی روش ترک نہیں کر رہے۔ کشمیر پر پسپائی سے لے کر معیشت کی بربادی تک حکمرانوں نے ناقص کارکردگی کی ہر مثال قائم کی، اداروں کو تباہ کیا،نوجوانوں کو مایوس کیا اورلوگوں کو لنگرخانوں کے باہر کھڑا کر دیا۔ حکمرانوں کی کارکردگی کو عوام خوب جان چکے ہیں۔ ملک تنزلی کی جانب گامزن ہے اور لوگ بھوکوں مر رہے ہیں۔موجودہ اور سابق حکمرانوں نے عوام کو غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے تحفے دیے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بدترین صورتحال، مہنگائی اور بے روزگاری درحقیقت سودی معیشت کے تحفے ہیں جوموجودہ اور سابق حکمرانوں نے عوام کو دیے ہیں۔ پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ کے طور پر حاصل کیا گیا لیکن 73 سالوں میں مارشل لاز اور نام نہاد جمہوری ادوار نے بانیان پاکستان کے نظریات اور لاکھوں افراد کی قربانی کا مذاق اڑایا، ملکی ریسورسز کو لوٹا اور عوام کو عالمی طاقتوں اور اداروں کی غلامی میں دھکیلنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اب ملک کے کروڑوں افراد ظالم اشرافیہ کے ہتھکنڈوں کو بخوبی سمجھ چکے ہیں۔ وہ جان چکے ہیں کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں وہ مزید کسی دھوکے میں نہیں آنے والے۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔ گوجرانوالہ میں بھرپور جلسہ 25دسمبر کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گرین اور کلین پاکستان پر یقین رکھتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کی جائے۔ کئی دہائیوں پر مشتمل جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصدترقی یافتہ پاکستان کی منزل کا حصول ہے عوام کو سودی معیشت سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کرونا کی وبا کے پیش نظر بھرپور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی انھوں نے کہا کہ لوگ اسلامی شعار کو اپناتے ہوئے ذہنی اور جسمانی پاکیزگی کا خیال رکھیں تو وہ تمام بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔