کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری سے پیر کو بلاول ہائوس میں وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ترجمان بلاول ہائوس کے مطابق وزیراعلیٰ نے پارٹی چیئرمین کوویڈ 19 کی صورتحال اور حکومت سندھ کی جانب سے عوام کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔مراد علی شاہ نے بلاول زرداری کو صوبے میں ترقی کی رفتار سے آگاہ کی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے واجب الادا حصہ سے کم ادائیگیاں ترقی میں رکاوٹ ہے،حکومت سندھ نے اب تک ٹیکس وصولی کے اپنے اہداف کو
پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اس موقع پر بلاول زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت بے روزگار نوجوانوں کو ریلیف اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے میرٹ پر خالی ملازمتوں پر بھرتی شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے بھی روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔علاوہ ازیں بلاول زرداری سے بلاول ہائوس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے ملاقات کی۔اس موقع پر فریال تالپور بھی موجود تھیں ۔ اویس شاہ نے پارٹی چیئرمین کو محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔دریں اثنا بلاول زرداری سے بلاول ہائوس میں صوبائی وزیرریونیو مخدوم محبوب الزماں نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں محکمہ ریونیوکے امور سے آگاہ کیا۔