پشاور واقعہ تبدیلی سرکار کی نااہلی وناکامی کا ثبوت ہے،کاشف شیخ

268

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے پشاور کے بڑے خیبرٹیچنگ اسپتال میں بروقت آکسیجن نہ ملنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ واقعہ تبدیلی کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی وناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت صحت اصلاحات کے نام پر ووٹ لے کراقتدارمیں آئی تھی ،پشاور واقعے سے خیبر پختونخوا حکومت کی
گڈگورننس اور شعبہ صحت میں ان کی غفلت اور لاپروائی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ صرف ماتحت افراد کو فارغ کرکے اپنی فیس سیونگ کرنا کافی نہیں ہے ، اصل اور حقیقی ذمے داروں کو بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔پی ٹی آئی قیادت مہنگائی ،بی آرٹی بس اور بلین ٹری منصوبے سے لے کر پشاور واقعے تک اپنی خراب کارکردگی اور نااہلی کو تسلیم کرکے قوم سے معافی مانگے۔صوبائی رہنما نے مرحومین کی مغفرت درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔