خیبرٹیچنگ اسپتال کے واقعے کا عدالت عظمیٰ ازخودنوٹس لے

336

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن نہ ملنے پر مریضوں کی ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان سے از خو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کرکے ذمے داران کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے،واقعہ نے ثابت کردیا ہے کہ حکومت نا اہلوں کا ٹولہ ہے، جس کے پاس ملکی نظام چلانے کے لیے کوئی فہم و فراست نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے سر پر کرونا سے زیادہ اپوزیشن سوار ہے۔ لوگ مررہے ہیں جبکہ حکومتی اقدامات محض بیانات تک محدود ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ تحریک انصاف کا دور حکومت ملک و قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہر محاذ پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ ایک طرف 22 کروڑ عوام کے جان ومال کو تحفظ حاصل نہیں تو دوسری جانب رہی سہی کسر برسراقتدار لوگوں کی ڈنگ ٹپائو پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہو تا ہے کہ حکمرانو ں کو عوامی مشکلات سے کوئی غرض نہیں، حکمرانوں نے عوامی مسائل میں اضافے کے سواکچھ نہیں کیا۔ادارے تباہ وبرباد ہوچکے ہیں۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ آئے دن کوئی نہ کوئی بحران سر اٹھا لیتا ہے جس کی سزا قوم کو بھگتا پڑتی ہے، حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ، محرومیوں اورمجبوریوں میں جکڑ ے ہوئے عوام انتہائی پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں ،حکمران ٹولے نے عوام کی خوشیاں چھین کر انہیں مسائل کے حوالے کر دیا ہے ،غریب پر تعلیم ،صحت روز گار اور انصاف کے دروازے بند ہیں ،دولت کے بل بوتے پر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانہ لوٹتے ہیں اور ملک سے باہر منتقل کر دیتے ہیں جبکہ عام آدمی دووقت کے کھانے سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب قوم کو اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرلینی چاہیے ۔ 73سال سے برسراقتدار طبقے نے انہیں محرومیوں ، مایوسی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا ۔اب حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں وسیع پیمانے پر تبدیلی لانے کے لیے اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کی جگہ اسلام کا منصفانہ و عادلانہ نظام رائج کیاجائے۔