راولپنڈی: راولپنڈی اسلام آباد میں میٹروبس ملازمین نے 4 ماہ سے تنخواہیں اور دیگر واجبات نہ ملنے پر دوبارہ ہڑتال کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملازمین کا کہنا ہے کہ میٹرو انتظامیہ نے سابقہ احتجاج کے نتیجے میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، جس کی وجہ سے تمام اسٹیشنز پر ٹکٹنگ بوتھ بند کردیے ہیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ملازمین نے دوبارہ ہڑتال کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس انتظامیہ نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا، ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہیں اور دیگر واجبات ادا نہیں کیے، پہلے مرحلے میں ٹکٹنگ بوتھ بند کیا ہے اگلے مرحلے میں میٹروبس سروس مکمل بند کردیں گے۔
واضح رہے کہ میٹرو بس ٹکٹنگ ملازمین نے تنخواہیں اور کورونا فنڈز نہ ملنے پر گذشتہ ماہ ہڑتال کرکے میٹرو ٹریک پر 2 روز تک دھرنا دیا تھا جس پر میٹروبس انتظامیہ نے تمام واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور ملازمین نے اختجاج ختم کرکے میٹروبس سروس بحال کردی تھی۔