سندھی کلچرل ڈے پر بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ کا پیغام

288

کراچی: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یومِ ثقافتِ سندھ ہم آہنگی و بھائی چارے کا پیغام ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ ثقافتِ منانے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

  تفصیلات کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھی کلچرل ڈے پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ انڈس سویلائیزیشن عرضِ پاکستان کا تاج ہے، آج کا دن نوجوانوں کا دن ہے اور جو عظیم ثقافت و تہذیب کے وارث و امین ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ یہ دن وادیِ مہران کی موسیقی و ڈانس جیسے قدیم فنون خواہ لذیذ کھانوں کو نئی جِلا بخشی ہے اور ہمیں دنیا سے سیکھنا چاہیے کہ انہوں نے اِس طرح کی سرگرمیوں کو اپنی معاشرتی و معاشی نمو کا پلیٹفارم کیسے بنایا ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اِس طرح کی سرگرمیوں کو اقوامِ متحدہ کی طرز پر ہر سال ایک نئے نعرے یا تھیم کے تحت منانا چاہیئے، مختلف ثقافتوں، مذاہب، اور رنگ و نسل کے لوگوں کا رواداری و امن کے ساتھ جینے کا نام دورِ جدید ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہاکہ سندھ سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں یومِ ثقافتِ منانے والوں کو مبارکباد پیش کی۔

دوسری جانب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھی کلچر ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے سندھی عوام کو مبادکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اپنی ثقافت سے محبت اور دوسروں کی ثقافت کا احترام کا دن ہے۔

وزیراعلی ہاوُس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھی کلچر ڈے پر سندھی عوام کو مبادکباد دی اور ثقافتی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبہ سندھ دنیا کی خوبصورت تہذیبوں کا گہوارہ ہے،ہمیں فخر ہے کہ ہم سندھ دھرتی پر پیدا ہوئے،آج کا دن اپنی ثقافت سے محبت اور دوسروں کی ثقافت کا احترام کا دن ہے اور سندھی عوام سےدرخواست کی کہ آئیں آج اپنی زبان اور اپنی روایت کو اجاگر کرنے کا عہد کریں۔

واضح رہے ہر سال کی طرح اس سال بھی سندھی کلچرل ڈے سندھ کے مختلف شہروں میں  روایتی جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر سیاسی اور بین الاقوامی ممالک کی جانب سے بھی اس دن کے حوالے سے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔