سکھر (نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے اجلاس میں سکھر میونسپل کارپوریشن کی دکانوں کے از سرنو نیلامی کے نوٹس ملنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کا اجلاس بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن کی زیر صدارت ہوا، جس میں سکھر میونسپل کارپوریشن کی دکانوں اور دیگر املاک کے از سر نو نیلامی کے نوٹسز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں تمام بازاروں کے صدور و سیکرٹریز نے شرکت کی۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سابق میئر سکھر ارسلان شیخ سے ملاقات کرکے تاجروں اور دکانداروں کی بے چینی تحفظات اور پریشانی سے آگاہ کیا جس میں ارسلان شیخ کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں نیلامی کے نوٹس بلدیہ سکھر نے جاری کیے ہیں تاجر اور دکاندار اس سلسلے میں عدالت عالیہ سے رجوع کریں، لہٰذا تمام پر غور و خوض کیلیے 55 سے زائد تاجر تنظیمات پر مشتمل آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز میں شامل تاجر رہنمائوں کا اجلاس ہوا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے وکیل سے مشورے کے بعد عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں تاجروں اور دکانداروں کو فریق نہیں بنایا گیا، نہ دکانداروں کا مؤقف سنا گیا، ہم جلد اپنے وکیل کے ذریعے ہائیکورٹ سے رجوع کرکے درخواست دائر کریں گے۔ شرکائے اجلاس کا کہنا تھا کہ 50 سال کے طویل عرصے سے زائد تاجر اور دکاندار اپنی چھوٹی بڑی دکانوں پر کاروبار کررہے ہیں، از سر نو نیلامی کے نوٹسز ملنے کے بعد دکانداروں میں بے چینی ہے اور وہ پریشان ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد امید ہے کہ عدالت عالیہ دکانداروں کے روزگار اور مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے از سرنو نیلامی کے فیصلے پر نظر ثانی کرکے دکانداروں کو ریلیف فراہم کرے گی۔