ملتان جلسی کے بعد جاتی عمرہ کی نیندیں حرام ہیں، فردوس عاشق

466

لاہور (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملتان کی جلسی کے بعد جاتی عمرہ کی نیندیں حرام ہو چکیں،اسحاق ڈار نے ڈر کے مارے سچ اگل دیا، شریف سیاست کا پھر پردہ چاک ہوگیا، راج کماری اور کنیزیں خود فریبی اور خوف کا شکار ہیں اور لاڈلا شہزادہ چین کی بانسری بجا رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 30 سال تک پاکستان کو بے دردی سے لوٹنے والے کسی صورت رہنما نہیں بلکہ رہزن ہیں۔ 22 کروڑ عوام راج کماری اور شہزادے کے خاندانوں کی لوٹ مار کبھی نہیں بھول سکتے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کورونا کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن کورونا پھیلانے سے باز رہے۔ صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا کے727کنفرم کیسز سامنے آئے اور25مریض جاں بحق ہوئے۔