اسحق ڈار کے انٹرویو میں گھبرانے والی کوئی بات نہیں،شاہد خاقان

196

لاہور (نمائندہ جسارت) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے انٹرویو میں گھبرانے والی کوئی بات نہیں، یہ بات درست ہے کہ ان کی پاکستان میں صرف ایک پراپرٹی ہے، حکومت کے جانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ یہ حکومت پہلے ہی جا چکی ہے،جنازہ رکھا ہوا ہے جتنی جلد فارغ کریں بہتر ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار 12 سال ملک سے باہر رہے ہیں انہیں پراپرٹی ڈیکلیر کرنے کی ضرورت نہیں،یہ بات بھی درست ہے نیب کی حراست میں اموات ہوئی ہیں، نیب نے ڈھائی سال میں کو ئی انصاف کا کام نہیں کیا، ن لیگ کیخلاف نیب ایک بھی کیس ثابت نہیں کر سکا۔ انہوںنے کہا کہ لاہور جلسہ ملتان سے بھی بہتر ہو گا، میاں صاحب لاہور جلسے سے خطاب کرینگے، اب نئے انتخابات کے بغیر کوئی حل نہیں، انتخابات سے قبل نظام کی تبدیلی بہت ضروری ہے ،ا نہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جو لوگ منتخب ہوئے انہیں کوئی نہیں جانتا۔