دادو، دن دہاڑے ہوٹل پر فائرنگ سے نوجوان قتل

173

دادو (نمائندہ جسارت) دادو پولیس نیند میں مبتلا، دن دہاڑے ہوٹل پر فائرنگ نوجوان قتل ہوگیا، پولیس غائب، دادو کی تحصیل خیرپور ناتھن شاہ میں مسلح افراد کی ہوٹل پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک مزدور گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جسے مقامی اسپتال بعد ڈی ایچ کیو اسپتال دادو منتقل کردیا گیا، جہاں زخمی نوجوان راجا لانڈھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ڈی ایچ کیو سے نوجوان کی لاش ضروری کارروائی بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ مسلح افراد دیدہ دلیری سے ہوٹل پر فائرنگ کرکے باآسانی فرار ہوگئے، مقامی پولیس کچھ نہ کرسکی۔ قتل نوجوان کے ورثاء نے کہا کہ مسلح افراد نے راجا کو فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، ہم غریب لوگ ہیں، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ آخری اطلاع تک واقعے کا کیس درج نہیں ہوسکا۔ واضح رہے تین روز قبل دادو کے علاقے میہڑ میں بھی مسلح ڈاکوئوں نے ڈکیتی کے دوران دکان مالک ماجد سومرو کو قتل کردیا، جس کے قاتل بھی اب تک پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں۔ ضلع میں بڑھتی ہوئی بے امنی پر دادو کے سیاسی، سماجی رہنمائوں سمیت شہری ایس ایس پی دادو کو ذمے دار قرار دیتے ہیں۔