بچوں کے عالمی دن پر سمپودہ انٹرنیشنل کی آن لائن تقریب

255

مسرت خلیل (بیوروچیف سعودی عرب)
بچوں کے عالمی دن اور سپمودہ انٹرنیشنل کی 10ویں سالگرہ کی آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کئی بین الاقوامی شخصیات کی انسانیت کے لیے بے لوث خدمات، صحت کے تحفظ،معاشی ترقی اور عالمی امن کو فروغ دینے کوششوں پر ’’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز‘‘ اور ’’یو سی ڈی اسپیشل ریکگنیشن آنرز‘‘ پیش کیا گیا۔ کانفرنس کی میزبانی سمیرہ عزیز نے کی۔ استقبالی کلمات میں انہوں نے کہا کہ سمپودہ انٹرنیشنل کے بانی اور صدر ڈاکٹر کماد علی ایک مفکر، امن کی علامت اور انسان دوست شخصیت ہیں۔انہیں 2015ء میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور ورلڈ بیسٹ ہیومنسٹ 2019ء سے نوازا گیا ہے۔ ا نہوں نے ا پنے پیغام میں کہا کہ یہ بات افسوس ناک ہے کہ کورونا کے وبائی مرض کی وجہ سے لاکھوں بچوں کی تعلیم میں خلل پڑا ہے۔ اس سلسلے میں ’سپمودہ‘ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ نے کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے عالمی اتحاد کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ تعلیم اور اس شعبے سے وابستہ معمولات بحال ہو سکیں۔
سمپودہ انٹرنیشنل کے خیر سگالی کے سفیر پرنس ہارون آر علی نے جنگ، بچوں کے استیصال، جسم فروشی، نابالغوں کی عصمت دری اور انسانی اسمگلنگ کے موضوعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بچوں کے تحفظ، ذہنی سکون اور تیز رفتار ترقی کے حصول کے لیے اقدامات کرنے کی کوشش کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر ان موضوعات کو عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔بھارت کے ڈاکٹر سانچی رستوگی نے اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے بچوں پر پڑنے والے منفی اثرات پر بات کی جب کہ جاپان میں ’واک فار پیس‘‘ کے سربراہ ولیم ریگلر نے عالمی امن اور بچوں کی ترقی کے لیے کوششوں پر گفتگو کی۔ دبئی کے شعبہ اسلامی امور اور فلاحی سرگرمیوں سے وابستہ ڈاکٹر وفا قاسمیہ نے یتیموں اور مستحق بچوں کی حوصلہ افزائی اور مدد کرنے سمیت خوراک کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔
تقریب میں عالمی امن، خدمات اور بچوں کے لیے خدمات انجام دینے والی ممالک ممالک کی شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور اسپیشل ریکگنیشن آنرز پیش کیا گیا۔