علی قاسم گیلانی کو 30 روز تک نظر بند کرنے کے احکامات جاری

566

ملتان:کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی کو 30 روز تک نظر بند کرنے کے احکامات جاری ہوگئے.   

ڈپٹی کمشنر ملتان کی جانب سے جاری مراسلہ میں پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی کی 30 روزتک نظربندی کے احکامات جاری کردیے ہیں.

مراسلہ کے مطابق علی قاسم گیلانی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف کرکے بہت سی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا اور اسٹڈیم میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت نہیں اس لیے 30 روز تک زیرحراست رکھا جائے.

خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا تھا.

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اسٹڈیم میں پی ڈی ایم کی جانب سے لایا گیا سامان واپس بھجوادیا اور انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم خالی کروانے کے بعد کنٹینرز لگا کر اسٹڈیم کے راستوں کو دوبارہ بند کردیا ہے.

یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کی قیادت میں گزشتہ روز ریلی گھنٹہ گھر چوک پر پہنچی، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی قیادت عبدالرحمن کانجونے کی۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی بھی گھنٹہ گھر سے ریلی میں شامل ہوئے۔اسٹیڈیم کے گیٹ پر پہنچ کرکارکنوں نے اینٹوں سے تالے توڑ دیے گئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اسلم غوری نے کہا ہے کہ ملتان جلسے سے قبل حکومت نے پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے، ملتان جلسہ ہر حال میں مقررہ تاریخ اور وقت پر ہوگا۔ حکومت پی ڈی ایم کے جلسوں سے اتنی خوفزدہ کیوں ہوگئی ہے۔ ہمارے کارکنان کو اشتعال دلایا جارہا ہے اور اگر ہمارے کارکنان مشتعل ہوگئے تو ذمے دار پنجاب حکومت ہوگی۔