اسٹیل مل کنٹریکٹ میں زرداری نے 40 ملین کمیشن لیا، مراد سعید

925

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل مل کے کنٹریکٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری نے 40 ملین روپے کمیشن حاصل کیا۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ این آر او نہ ملنے کے غم، گلگت بلتستان الیکشن کی ہار اور پشاور جلسے کی ناکامی کے بعد ملک و قوم سے انتقام لینے پر اتر آیا ہے۔ ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور عالمی وباء میں جلسوں سے عوام کی جان و مال اور ملکی معیشت کا
نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کیا اپوزیشن کو وباء کی پہلی لہر میں عمران خان کی پالیسی کا بھی غم ہے؟۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کیپیٹل اچیلس نامی کتاب کے صفحہ نمبر 78 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے پی پی کے دور صدارت میں 3 نئی شوگر ملوں میں دلچسپی لیتے ہوئے 421 ملین روپے استعمال کیے۔ یہ کام ان کی جانب سے نامزد افراد کے ذریعے کیا گیا۔ اسی طرح پاکستان اسٹیل ملز کے معاہدے میں انہیں 40 ملین روپے کک بیکس کی مد میں ملے۔ آصف علی زرداری کو کمیشن وصول کرنے پر مختلف خطاب بھی ملے اور پیپلز پارٹی کے دوسرے دور حکومت میں جب انہیں وزیر سرمایہ کاری کے طور پر تعینات کیا گیا تو وہ مسٹر 100 پرسنٹ بن گئے۔