جدت پسندی سے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے، آرمی چیف

414

راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کی اپگریڈیشن اورجدت پسندی سے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا دورہ کیا، جہاں جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال چیئرمین واہ فیکٹری لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبرنے کیا۔

آرمی چیف نےحال ہی میں تیارکیے گئے نئے ڈسپلے لاؤنج کا بھی دورہ کیا، ڈسپلے لاؤنج میں واہ فیکٹری مصنوعات کی نمائش کی جاتی ہے، آرمی چیف نے پی او ایف کے عزم اورلگن کو سراہا۔

دورہ کے موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ  کو پیداواری یونٹس، مستقبل کے منصوبوں اوران میں لائی گئی جدت پربریفنگ دی گئی،  آپریشنل ضروریات کی تکمیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حصول سے بھی آگاہ کیا ۔

آرمی چیف نے کہا کہ فیکٹری پاک فوج کی ضروریات پوری کرنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔