سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کا بیٹاعلی موسیٰ گیلانی گرفتار

145

ملتان(صباح نیوز) ملتان میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کو گرفتارکر لیا گیا ،سابق رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی احتجاج کے لیے تھانہ چہلیک پہنچے تھے جہاں انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے پیپلز پارٹی کی جانب سے بغیر اجازت ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے4بیٹوں کے علاوہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے 30 رہنما ؤں کو نامزد کیاگیا جبکہ 50 نامعلوم کارکن بھی ایف آئی آر میں شامل ہیں ۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے علی موسیٰ گیلانی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئیکہا ہے کہ گرفتاری سلیکٹڈ حکمرانوں کی غنڈہ گردی ہے، دھاندلی کی پیداوار حکومت اب عوامی تحریک کو طاقت سے دبانا چاہتی ہے، حکومت مخالف احتجاج کو اوچھے ہتھکنڈوں سے روکنے کی توقع رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علی موسیٰ گیلانی کو فوراً رہا کیا جائے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی علی موسیٰ گیلانی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے فاشسٹ حکومت کی شرمناک کارروائی قرار دیا ہے۔