ہیلتھ ایڈوائزری اور ایس او پیز پر عملدرآمد ناگزیر ہے، اسد قیصر

139

اسلام آباد (آن لائن )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کووڈ۔19اور صحت سے متعلق مشوروں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے سے کوروناسے بچا جا سکتا ہے، سیاسی قیادت، دانشوروں ، صحافی اور صحت کے ماہرین کوویڈ 19 کے تباہ کن اثرات سے عوام کو آگاہ کرنے کیلیے قومی بیانیہ تشکیل دیں۔ کورونا سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی عدم شرکت پر اسپیکر اظہار افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کمیٹی کے باضابطہ نوٹیفکیشن کے اجرا سے قبل سینیٹ اور قومی اسمبلی میں تمام پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت کی گئی تھی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کمیٹی کے سامنے کووڈ۔19سے متعلقہ اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں کورونا وبا کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے این سی او سی کے بڑے اجتماعات اور تعلیمی سرگرمیوں پر پابندیاں عاید کرنے کے فیصلے کو سراہا جو اس بیماری کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔ ممبران نے پی ٹی وی اور پی بی سی کے ذریعہ آن لائن کلاسز کے لیے اجرا کی تجویز پیش کی تاکہ طلبہ تعلیم جاری رکھ سکیں۔ کمیٹی نے اسمبلی اجلاس بلانے کیلیے حزب اختلاف سے مشاورت کرنے کی تجویز پیش کی۔ اجلاس میں اسد عمر ، سینیٹر شبلی فراز ، امین الحق ،ڈاکٹر وسیم شہزاد ،ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان و دیگر نے شرکت کی۔