پشاور (آن لائن) قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ پاکستانی شہریت برائے فروخت نہیں ہے کہ ہر کسی کو دی جائے۔ بدھ کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید اور جسٹس ناصر محفوظ پر مشتمل عدالت عالیہ کے2 رکنی بینچ نے افغان خاتون کی پاکستانی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ افغان خاتون نے موقف اختیارکیا کہ وہ 1981ء سے پاکستان میں رہ رہی ہیں‘ اس کے بچوں کے بھی شناختی کارڈ بن گئے ہیں لیکن اسے شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جا رہا‘ عدالت سے درخواست
ہے کہ اسے پاکستانی شہریت دی جائے۔ دوران سماعت قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پاکستانی شہریت برائے فروخت نہیں ہے کہ ہر کسی کو دی جائے‘ شہریت اور شناختی کارڈ جاری کرنے کے لیے ایک طریقہ کار ہوتا ہے‘ نادرا نے ماضی میں غلط طریقے سے لوگوں کو شناختی کارڈ جاری کیے‘ وزارت داخلہ خاتون کا ریکارڈ چیک کرے اور کیس کو قانون کے مطابق دیکھے۔