آرمی چیف اور وزیر اعظم کا نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس

609

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر عسکری اور سیاسی رہنماؤں  نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک مرحومہ کی مغفرت فرمائے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات شبلی فراز، گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب، شیخ رشید، چودھری شجاعت، پرویز الہیٰ، بلاول بھٹو، آصف زرداری فضل الرحمان، سراج الحق، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر رہنماؤں نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

واضح رہے شریف برادران کی والدہ شمیم بیگم آج 90 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئیں ہیں، وہ اپنے بیٹے میاں نواز شریف کے پاس رہائش پذیر تھی جبکہ مرحومہ شمیم اختر کی میت پاکستان لانے یا نہ لانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔