پی ڈی ایم کے پشاور جلسے میں دہشت گرد حملے کا خطرہ

118

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پی ڈی ایم کے پشاور جلسے میں دہشت گرد حملے کا خدشہ، نیکٹا نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور جلسے میں دہشت
گردی کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے 22 نومبر کو پشاور میں دہشت گردی کا خدشہ ہے۔نیکٹا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بڑے اجتماع پر دہشت گرد حملے کی سازش کی جا رہی ہے اور پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ دہشتگردوں کا ممکنہ ہدف ہوسکتا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں حملہ ہونے کے خدشے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو مطلع کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد علی اصغر نے کہا ہے کہ پشاور میں کورونا میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، جہاں کورونا کیسز کی شرح میں 13 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے ، اس صورتحال میں خدشہ ہے کہ شہر میں عوامی اجتماع کے باعث کورونا وائرس مزید بھی پھیل سکتا ہے ، کورونا پھیلنے کے خدشے کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔