پلی بارگین کی مد میں کرپشن کی خبریں بے بنیاد ہیں، نیب سکھر

206

سکھر (اے پی پی) نیب سکھر نے پلی بارگین کی مد میں کروڑوں روپے خورد برد کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی چینلز پر پلی بارگین کی مد میں خورد برد کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ نیب سکھر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے مختلف سرکاری گوداموں سے گندم خورد برد کرنے کا میگا اسکینڈل نیب سکھر نے ظاہر کیا۔ نیب نے سکھر، گھوٹکی، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں گندم کے سرکاری گوداموں پر چھاپے
مارے تھے، ان گوداموں سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 43 ہزار 990 ٹن گندم خورد برد کی گئی۔ ایک گودام میں خورد برد کی گئی گندم سے قومی خزانے کو 17 بلین روپے کا نقصان پہنچا۔ خورد برد میں ملوث افسران اور مل مالکان کی گرفتاریوں کے بعد ساڑھے 8 بلین کی رقم وصول کی گئی ہے۔ ایک اور شہر میں سرکاری گوداموں سے خورد برد کی گئی گندم سے قومی خزانے کو 5.35 بلین کا نقصان پہنچا، ان سرکاری گوداموں سے خورد برد کی گئی گندم کی مد میں ملزمان سے 2.112 ملین کی رقم وصول کی گئی۔ گندم کی کراچی منتقلی کے دوران خورد برد کی گئی رقم کا تخمینہ 0.8 بلین ہے۔ ٹرانسپورٹیشن کے دوران کی گئی خورد برد کی رقم وصول نہیں ہوسکی، اس کا ریفرنس دائر ہے اور انڈر ٹرائل ہونے کی وجہ سے رقم کی وصولی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ عدالتی حکم پر مارکیٹ ریٹ پر پلی بارگین کی رقم مختص کی گئی۔ ایک اور گودام سے خورد برد کی گئی گندم سے قومی خزانے کو 16 ہزار 894 بلین کا نقصان پہنچا، مختلف کارروائیوں میں 10.12 بلین وصول کیے گئے۔ وصول کردہ رقم میں سے 9.373 بلین قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔