شیخ رشید نے نامکمل کراچی سرکلرٹرین کا افتتاح کردیا

583

کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نامکمل کراچی سرکلرٹرین کا افتتاح کردیا ہے، جس کے بعد شہر قائد کے شہری کل (20 نومبر) سے کراچی سٹی سے پیپری تک سفر کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کو 25 سال بعد ادھوری خوشی ملی جبکہ نامکمل کراچی سرکلرٹرین کا افتتاح ہو گیا ہے  جس کے بعد شہری کل 20 نومبر سے کراچی سٹی سے پیپری تک سفر کرسکیں گے۔

سرکلرٹرین کا روٹ مختصراورٹرینوں کی تعدادمحدودکردی گئی ہےجبکہ کراچی سرکلر ٹرین چلانے کے فیصلے میں آخری وقت میں مکمل تبدیلی کردی گئی تھی اور سرکلر ٹرین کراچی سٹی سے اورنگی تک چلانے کا فیصلہ مؤخرکردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کی 10 کوچز اور 4 انجن پیپری سے اورنگی اپ اینڈ ڈاون چلائیں جائیں گے اور بوگیوں میں آرم دہ نشستوں کے علاوہ واش رومز، پنکھے، ٹی وی، وائی فائی اور موبائل چارج کرنے کی سہولیات بھی موجود ہے جبکہ  ریلوے ٹریک کے اطراف تاحال تجاوزات، جھوپڑیاں اور عمارتوں کا سلسلہ موجود ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے 25 سال بعد شروع ہورہی ہے اور40 کلومیٹر ٹریک مکمل کیا گیا ہے جبکہ 13 اسٹاپ کے ساتھ سروس شروع کررہے ہیں اور کراچی سرکلر ریلوے کا سارا کریڈٹ چیف جسٹس کو جاتا ہے۔

 دوسری جانب شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کیساتھ مل کر کے سی آر چلانا چاہتے ہیں اور دوسال میں ٹریک بنے گا اور یہ ایک 2 دن کی بات نہیں ہے جبکہ کےسی آر 25 سال سے بند ہے اور اس کو  100 سے زائد مسائل ہیں، 25 سال کا مردہ ٹریک زندہ ہورہا ہے اور یہ سب چیف جسٹس کی کاوش ہے۔