سکھر،جماعت اسلامی خواتین کے تحت شان رسالتﷺ مارچ

313

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین سکھر کی جانب سے سکھر میں شان رسالتﷺ خواتین مارچ کیا گیا، مارچ سے صوبائی ناظمہ عطیہ نثار اور ضلعی امیر مولانا سلطان احمد لاشاری، صوبائی وزیر رہنماء عبدالحفیظ بجارانی، امیر جماعت اسلامی سکھر شہر زبیر حفیظ شیخ، اکرم راجپوت و دیگر نے خطاب کیا، مارچ میں شامل خواتین و بچوں نے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شان رسالتﷺ زندہ باد، حرمت رسولﷺ پر جان بھی قربان ہے کے کتبے اور سر اور بازوؤں پر لاالہ الااللہ محمدرسول اللہ کی پٹیاں باندھی ہوئی تھیں۔ اس موقع پر صوبائی ناظمہ عطیہ نثار نے میڈیا سے بات چیت اور عبدالحفیظ بجارانی، مولانا سلطان لاشاری، زبیر حفیظ شیخ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا ہر فرد، خواتین، بچے حرمت و ناموس رسالتﷺ پر اپنی جان تک قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ ناموس رسالتﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، کسی کو بھی توہین کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر منطور کی گئی قرار دادوں میں کہا گیا کہ اسلامی فوبیا میں مبتلا صدر فرانس و دیگر اسلام دشمن طاقتوں کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے عمل سے امت مسلمہ کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔ اسلامی ممالک کے حکمران اپنی غیرت ایمانی کو جگا کر اس کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرکے فرانس کے سفیر کو اپنے اپنے ممالک سے بے دخل کردیں۔ پونے دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری پر اجتماعی رد عمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلمان ممالک اجلاس بلا کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ اقوام متحدہ و دیگر عالمی اداروں کو تقدیس انبیاء کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین یاد دلائے جائیں۔ فرانس کے صدر کو معافی مانگنے پر مجبور کیا جائے۔ گستاخی کے مرتکبین کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میںلائی جائیں۔ مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان فرانس سے سفارتی اقتصادی تعلقات منقطع کردے۔ فرانس کی تمام مصنوعات کا سرکاری و عوامی سطح پر بائیکاٹ کیا جائے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ بین الاقوامی سطح پر ایسی قانون سازی کی جائے جس میں اس جرم کے مرتکب افراد پر پابندیاں عائد کی جائیں اور انہیں بلیک لسٹ کر کے ان ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرکے معاشی طور پر گھیرا تنگ کردیا جاسکے۔ اس موقع پر صوبائی ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین عطیہ نثار نے میڈیا سے بات چیت کرتے کہا کہ ناموس رسالتﷺ امت مسلمہ کی تمام خواتین متحد ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ناموس رسالتﷺ کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ خواتین اسلام اللہ کے کلمے کی سر بلندی، نظام مصطفیﷺ کے نفاذ اور حرمت رسولﷺ پرکبھی بھی پیچھے نہیں رہی ہیں، نہ رہیں گی بلکہ اپنے بھائیوں کے ساتھ کلمہ حق بلند کرتی رہیں گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فرانس کیساتھ تعلقات کو منقطع کردے۔