کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) اور ملتان کی ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگری کلچر کے درمیان پاکستان میں زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے اشتراک عمل اور دو طرفہ تعاون کی یادداشت طے پاگئی ہے۔ پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد اور ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگری کلچر ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے دستخط کیے۔ پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق ملتان کی ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگری کلچر کے ساتھ معاہدہ پی ایف وی اے کے پاکستان کے ہارٹی کلچر کے شعبہ کی ترقی کے روڈ میپ کا حصہ ہے اور پی ایف وی اے اس سے قبل فیصل آباد زرعی یونیورسٹی، سندھ ایگری کلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام اور کراچی یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ آف ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس منجمنٹ کے ساتھ بھی مفاہمت کی یادداشتیں طے کرچکی ہے۔ زرعی جامعات کے ساتھ اشتراک عمل کے ذریعے ملک میں پھل اور سبزیوں کی نئی ورائٹیز تیار کرنے کے ساتھ پاکستان کی بڑی فصلوں اور پھلوںکی پیداوار میں اضافہ کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن ملکی جامعات میں تحقیق کے لیے وسائل مہیا کرے گی اور زرعی شعبہ کی ترقی کی رفتار تیز بنانے کے لیے پراجیکٹس اور درکار ٹیکنالوجی کی نشاندہی کرے گی۔ پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحیدا حمد کے مطابق پاکستان میں روایتی پھل سبزیوں کے علاوہ ایسے پھل اور سبزیوں کی کاشت وقت کی ضرورت ہے جن کے ذریعے درآمدات کا متبادل تلاش کیا جائے اور زرمبادلہ کی بچت کی جاسکے جن میں ادرک لہسن سرفہرست ہیں۔