نوشہرہ/ سرگودھا(اے پی پی+ صباح نیوز) نوشہرہ اور سرگودھا میں ٹریفک حادثات میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے،نوشہرہ کینٹ جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ پہاڑ سے گہری کھائی میں جاگری، 2 خواتین سمیت 10 افراد ہلاک،14 زخمی ہوگئے جبکہ سرگودھا میں تیز رفتار کیری ڈبہ نے کالج جاتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں 2 طالب علم سمیت 3 افراد موقع پر جا ں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق زیارت کاکا صاحب سے نوشہرہ کینٹ جانے والی مسافر کو چ تیز رفتار کوچ غفلت برتنے اور فنی خرابی اور گنجائش سے زیادہ سواریاں بیٹھانے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر پہاڑ سے 70 فیٹ نیچے گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔جاں بحق اور زخمیوں کو قاضی حسین میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیا گیا ،4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔بدقسمت افراد محنت مزدوری کے لیے نوشہرہ جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔ ریسکیو 1122کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور 2گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد ہلاک اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور کرین کے ذریعے گاڑی کے نیچے دب جانے والے مسافروں کو نکالا۔ واضح رہے کہ مسافر کوچ میں 14 سواریوں کی گنجائش تھی جبکہ 24افراد سفر کررہے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ مسافرکے کوچ تیز رفتار ی کی وجہ سے بریک فیل ہوگئے جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ اس کاٹائی راڈکھل گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار رکشہ سے غلط اور ٹیک لیتے ہوئے حادثہ پیش آیا۔علاوہ ازیں سرگودھا میں جھاوریاں روڈ پر تیز رفتار کیری ڈبہ کی موٹرسائیکل ٹکر ہوگئی جس سے موٹرسائیکل پر سوار 2 طالب علم اور کیری ڈبہ ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ کیری ڈبہ کی تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لیکر ابتدائی کارروائی شروع کردی، حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔