گلگت بلتستان انتخابات، پولنگ کا عمل جاری

280

گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے 24 میں سے 23 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے.

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں 10 اضلاع کی 23 نشستوں پرپولنگ کا وقت شروع ہوگیا ہے اور پولنگ کا عمل بغیر وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے لیے 13 ہزار 481 اہل کارتعینات کیے گئے ہیں.

گلگت بلتستان میں سخت سردی کے باوجود عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے 21،21 جبکہ پیپلزپارٹی کے 23 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور 7 لاکھ 45 ہزار 362 ووٹرزحق رائے دہی استعمال کررہے ہیں جن میں 4 لاکھ 5 ہزار268 مرد جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار94 ہے.

گلگت بلتستان میں عام انتخابات کیلئے 1161 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں  418 انتہائی حساس اور 318حساس قرار دیے گئے ہیں جبکہ 46 پولنگ اسٹیشنز برفانی علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں اور تمام پریذائیڈنگ آفیسرز کو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کے اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں.

خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں قانون سازی کے لیے آج تیسرا الیکشن ہورہا ہے اس سے قبل 2015 میں ن لیگ نے 16 اور پیپلز پارٹی نے 15 نشستوں کے ساتھ حکومت بنائی تھی.

دوسری جانب کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ووٹرز اور پولنگ عملے کو فیس ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ حلقہ نمبر 3 میں امیدوار کے انتقال کے باعث الیکشن ملتوی کردیا گیا ہے.