لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کاملتان شہر کا دورہ۔ عثمان بزدار نے صبح نشتراسپتال کا بھی بغیر پروٹوکول دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں صفائی کی صورتحال اور دیگر شہری سہولتوں کاجائزہ لیا ۔انہوں نے نشتراسپتال میں مریضوںکے علاج معالجے کی سہولتوں کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے صفائی کی خراب صورتحال اور اسپتال میں علاج معالجے
کے حوالے سے عوامی شکایات پرایم ایس نشتر اسپتال اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ملتان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو معطل کرنے کاحکم دیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں، شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر بہت افسوس ہوا ہے۔ نشتر اسپتال کے دورے کے دوران بھی انتظامات تسلی بخش نہ تھے،شہری سہولتوں سے متعلقہ محکمے اپنا قبلہ درست کر لیں، ہر شہر کا سرپرائزوزٹ کر کے شہری سہولتوں کا خود جائزہ لیتا رہوں گا،متعلقہ افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور انتظامات کاجائزہ لے کر بہتری لائیں، دفتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے نہیں چلے گا۔