اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے گزشتہ روز تیز رفتار کلیئرنس کے لئے ای کامرس خودکار کلیئرنس کی سہولت اور ای کامرس کے ذریعے کی جانے والی برآمدات کو دستاویزی اور آسان بنا دیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کسٹمز نے کاروبار سے صارفین کی برآمدات کو تیز اور فروغ دینے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، وزارت تجارت اور ای-کامرس کے اشتراک سے ای کامرس خودکار کلیئرنس سہولت تیار کرلی جو دستاویزات کی سہولت فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیا نظام کے تحت کمرشل بینکس کو ویب بیسڈ ون کسٹم (ڈبلیو بی او سی) میں ای کامرس کے تاجروں کو رجسٹرڈ کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ بی 2 سی ای-کامرس برآمدات کے لیے اسٹیٹ بینک ریگولیٹری فریم ورک کے تحت برآمد کنندگان 5 ہزار ڈالر تک کردی ہے اور اپنی ای-کامرس کی اشیاء ای فارم کی ضرورت کے بغیر بھیج سکیں گے۔
واضح رہے شپمنٹ پاکستان کسٹم کے ساتھ رجسٹرڈ کوریئر کمپنیوں کے ذریعہ کی جائے گی اور برآمد کنندگان ڈبلیو بی او سی سسٹم میں سامان ڈیکلیئریشن داخل کریں گے اور ہر ایک سامان کی شناخت ایچ اے ڈبلیو بی کے منفرد نمبر کی بنیاد پر کی جائے گی جبکہ پاکستان سے سامان کی برآمد کے بعد برآمدات کی تفصیلات سسٹم میں برآمد کنندگان کے ای-کامرس پروفائل کے ذریعے بینکوں کی رسائی میں ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق برآمد کنندگان کو شپمنٹ کی تاریخ سے 60 دن کے اندر برآمدات سے آمدنی کی وصولی کو یقینی بنانا ہوگا اور برآمدی آمدنی بیرون ملک سے کمرشل بینکوں، بینکاری چینلز یا بین الاقوامی ادائیگی اسکیم/گیٹ وے کے ذریعے، غیر ملکی کرنسی میں یا پاکستانی کرنسی میں غیر مقیم روپیہ اکاؤنٹ میں وصول کی جائے گی جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور تجارتی بینکوں کو برآمدی ادائیگی کے تصفیہ اور دیگر ضوابط کی تقاضوں کی تکمیل کے لیے سسٹم میں متعدد ایم آئی ایس رپورٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔
دوسری جانب ای-کامرس آپریٹرز نے اس اقدام کو سراہا ہے جس سے ایس ایم ای سیکٹر کے اشیا کی برآمد میں درپیش مشکلات دور ہوں گی اور اس طرح بزنس انڈیکس میں ملک کی درجہ بندی میں بہتری آئے گی۔