جی بی: انتخابی دنگل سجنے کو تیار، عام تعطیل کا اعلان

672

گلگت بلتستان میں الیکشن کی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور ہر جماعت کی جانب سے عوام کو لبھانے کی سر توڑ کوششیں کی گئیں ہیں جبکہ انتخابات کے پیش نظر حکومت نے علاقے بھر میں آج (14) سے 16 نومبر تک عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر رساں اداروے  کے مطابق الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کل سے گلگت بلتستان میں الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور انتخابات کے پیش نظر حکومت نے علاقے بھر میں 14 سے 16 نومبر تک عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا اور 24میں سے 23 نشستوں کے لیے انتخابات اتوار کو ہوں گے اور انتخابات میں 7 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز میں سے سوا لاکھ سے زائد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔

رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان الیکشن میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی جس میں بلاول بھٹو، مریم نواز، علی امین گنڈاپور، عبدالغفور حیدری اور دیگر رہنماؤں نے عوامی جلسوں سے خطاب کرتے نظر آئے ہیں۔

الیکشن کمشنر اور گلگت کورٹ کی عائد کردہ پابندی کی وجہ سے مہم کے آخری روز بلاول بھٹو اور وفاقی وزرا نے جلسوں سے خطاب نہیں کیاجبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے آخری روز بھی گلگت اور نگر میں جلسوں سے خطاب کیا تھا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان الیکشن کے لیے سندھ پولیس کے 500 افسران اور اہلکار ایس ایس پی شاد ابن مسیح کی سربراہی میں  گلگت بلتستان (جی بی) پہنچ گئے ہیں جو عام انتخابات میں سیکورٹی کی ڈیوٹی انجام دہی کے لیے پہنچی ہیں۔