سانگھڑ، دکان میں آتشزدگی، لاکھوں کی روئی اور دیگر سامان خاکستر

292

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) یتیم بچوں کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، لاکھوں کی روئی اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ آگ لگنے کی وجہ ڈائریکٹر کنڈا بجلی کی سیکڑوں تاروں کے شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے، عینی شاہدین۔ ایم اے جناح روڈ پر ملک رضوان کی روئی کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے دکان میں پڑا روئی، رسیاں، رضائیاں اور دیگر قیمتی لاکھوں کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچی جس سے نقصان زیادہ ہوا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے دکان کے اوپر سے سیکڑوں بجلی کی ڈائریکٹ کنڈا تاریں گزر رہی ہیں، جن میں شارٹ سرکٹ ہوا اور دکان کی چھت سے آگ لگ گئی۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹ کنڈا سسٹم تاروں کے بارے میں کئی مرتبہ حیسکو حکام کو آگاہ کیا گیا ہے مگر حیسکو حکام نے توجہ نہیں دی۔ شہر بھر میں ڈائریکٹ کنڈا سسٹم کے تحت ہزاروں تاریں شہر کے اکثر و بیشتر مین شاہراہوں کو کراس کر رہی ہیں حیسکو کو آگاہ کیا جاتا ہے مگر حیسکو حکام توجہ نہیں دیتے۔ دوسری جانب حیسکو ایکسین کا کہنا ہے ڈائریکٹ کنڈا لگانے والوں کیخلاف مقدمات درج کرنے کے لیے پولیس کو لیٹر تک دیے مگر کسی بھی بجلی چور پر آج تک پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ حیسکو حکام کا مزید کہنا ہے بجلی چوری کرنے والے افراد کیخلاف آپریشن کے لیے پولیس تعاون نہیں کرتی، جس کی وجہ سے شہر میں کنڈا راج ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ شہر بھر سے کنڈا سسٹم اور روڈ کراسنگ کو ختم کیا جائے تاکہ شہری نقصان سے بچ سکیں۔