کورونا : چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سمیت 34 افراد جان کی بازی ہار گئے ، آزاد کشمیر کی عدالتوں میں لاک ڈائون

100

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)کورنا وبا میں تیزی۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سمیت 34افراد جان کی بازی ہار گئے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔ترجمان پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے بیان کے مطابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا کے مرض میں مبتلا تھے، چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ
اسلام آبادکے کلثوم انٹر نیشنل اسپتال میں زیرعلاج تھے۔پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے آج ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال سے ملک بہترین منصف سے محروم ہوگیا۔خیال رہے کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ اس تین رکنی بینچ کے سربراہ تھے جس نے سنگین غداری کیس میں سابق آرمی چیف و صدر مملکت پرویز مشرف کو سزائے موت سنائی تھی۔تفصیلی فیصلے کے پیرا نمبر 66 میں جسٹس سیٹھ وقار نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پرویز مشرف کو گرفتار کرکے سزا پر عمل درآمد کی ہدایت کی اور لکھا کہ اگر وہ انتقال کر جاتے ہیں تو ان کی لاش اسلام آباد کے ڈی چوک پر تین روز تک لٹکائی جائے۔علاوہ ازیںاین ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور وہ 9 نومبر سے قرنطینہ میں ہیں اور زیر علاج ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے گھر سے دفتری ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔دوسری جانب سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے پرویز اشرف کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد نے تمام مصروفیات منسوخ کر دی ہیں، پارٹی کارکنوں اور ہمدردوں سے دعا کی اپیل ہے۔دریں اثناء کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر متعدد ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ پرکام کرنے والے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے متعدد ملازمین کوروناکا شکار ہوئے ہیں، متاثرہ ملازمین نے وائرس کی تشخیص کے بعد خودکو14روزکے لییگھروں پر آئسولیٹ کرلیا ہے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے27 کوروناکیس سامنے پر سول ایوی ایشن حیدرآباد ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو سِیل کردیاگیا تھا۔قبل ازیں کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید34 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7ہزار55 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے ایک ہزار808نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور متاثرین کل تعداد3 لاکھ49 ہزار992 تک پہنچ گئی ہے۔پاکستان میں کورونا کے3 لاکھ20ہزار849 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور22 ہزار88زیرعلاج ہیں۔سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 1لاکھ 72ہزار72اور پنجاب میں ایک لاکھ8 ہزار221ہے۔ خیبرپختونخوا41 ہزار258، اسلام آباد22ہزار765، بلوچستان16ہزار226، آزاد کشمیر5 ہزار41 اورگلگت میں4ہزار409 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار438 اور سندھ میں 2 ہزار 704 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار302، اسلام آباد248، بلوچستان154، گلگت بلتستان93 اور آزاد کشمیر میں116 ہو گئی ہے۔ ادھر راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر بھر میں مرض نے شدت پکڑ لی ہے۔ آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس اظہر سلیم بابر اور آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے سینئر جج اور وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن آزاد کشمیر صداقت راجا ایڈووکیٹ بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے۔ جس کے بعد آزاد کشمیر بھر کی عدالتوں میں لاک ڈائون کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ شادی تقریبا ت کی وجہ سے کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اب ہمیں مشکل اور سخت فیصلے کرنا ہوں گے ورنہ صورت حال بہت خراب ہوسکتی ہے۔