پی ایس ایل ، وہاب ریاض اور حیدر علی کراچی پہنچ گئے

364

کراچی (سید وزیرعلی قادری)پاکستان سپرلیگ 5ویں ایڈیشن ، کورونا وائرس کی وبا کے باعث مارچ میں پاکستان سپر لیگ کے کے آخری 4 میچ ملتوی کردئیے گئے تھے جن کا انعقاد اب 14، 15 اور 17 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کیا جارہاہے۔ایونٹ میں شرکت کے لیے وہاب ریاض اور حیدر علی کراچی پہنچ گئے، ٹورنامنٹ ایس اوپیز کے مطابق 2دن قرنطینہ کے بعد پشاور زلمی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ اس کے علاوہ 2روز قرنطینہ ک بعد فاف ڈوپلیسی آج سے ٹیم کے ہمراہ ہونگے۔ ٹورنامنٹ کے آخری 4میچز کے انعقاد کے لیے رینجرز، پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں اور ہائی کمان نے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کو مطمئن قرار دیا ۔ اس سلسلے میں اطراف کے تمام راستے بشمول اسٹیڈیم روڑ پل بھی عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ سیکورٹی کے نام پر عوام کو جن مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ نے بغیر سوچے سمجھے وہی انتظامات کو جاری رکھا ہے جو شائقین کے اسٹیڈیم میں آنے کے لیے کیے جاتے ہیں۔ ضلع شرقی کی انتظامیہ نے تزئین و آرائش کا کام جاری رکھا۔ دریں اثنا سخت سیکورٹی میں ٹیموں کی نیشنل اسٹیڈیم آمد ہوئی جہاں پریکٹس میچز کا انعقاد ہوا۔ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 22رنز سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 195رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پشاور زلمی 172رنز بنا سکی۔ صہیب مقصود نے 80اور امام الحق نے 49رنز اسکور کیے۔ فاتح ٹیم کے روی بو پارہ نے 57رنز اور شان مسعود نے 66رنز بنائے، رائلی روسو نے 43رنز اور ایڈم لیتھ نے 25رنز بنائے۔ آج بھی پریکٹس میچ کھیلے جائیں گے۔