لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام خود مریم نواز کو صوبہ بدر کریں گے، مریم نواز اپنا رویہ درست کرلیں تو علی امین گنڈا پور کو ایسے بیان دینے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔ مزار اقبال پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ علاقہ اقبال کے فلسفے کو آگے بڑھا کر ہم کرپشن کی دلدل سے نکل سکتے ہیں اور ہمیں شاعر مشرق کے حقیقی فلسفے کو سمجھنا ہوگا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نواز جلسوں میں ہمارے خلاف زہر اگل رہی ہیں اور اداروں کے خلاف زبان استعمال کر رہی ہیں لیکن ہم اپنے اداروں، قومی وقار اور تشخص کے ساتھ کھڑے ہیں۔